جدید تزئین و آرائش سے مزین ایک دلکش گھر

Resham Ejaz Resham Ejaz
新與舊的對話 三十五年老屋翻新 ​台北市 松山區室內設計案, 璞碩室內裝修設計工程有限公司 璞碩室內裝修設計工程有限公司 Camera da letto moderna
Loading admin actions …

آج ہومی فائی 360 کی دریافت کے لیے ہم نے ایک ایسے گھر کا رخ کیا جس کا ہر حصہ نہ صرف جدت کے تقاضوں کو پورا کرتا تھا بلکہ حسین تزئین و آرائش کے ساتھ مایہ ناز ڈیزائنرز کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت تھا۔ دلکش سرمئی رنگ سے سجا اور زرد رنگ کی جھلکیاں لئے ہوئے یہ گھر ہر موسم اور ہر قسم کا ذوق رکھنے والے افراد کے لیے بہترین تھا۔ 

ہم آپ کو اس گھر کا دورہ کروانے کے لیے بے تاب ہیں۔

روشن داخلہ

ایسے داخلے سے کون واپس مڑنا چاہے گا؟ جہاں بلائنڈز سے چھن کر آتی صبح کی ٹھنڈی روشنی سارے میں پھیلی ہوئی ہو، جہاں ماربل کی ٹھنڈی دیواریں گرم موسم میں سکون کا باعث ہوں اور جہاں آپ سیدھ میں کشن رکھ کر بنائی گئی مطالعہ کرنے کی جگہ دیکھ سکتے ہوں جس کی پکار کو نہ کہنا بالکل آسان نہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ گھر ابھی سے آپ کو اپنے حصار میں لے چکا ہے۔

حسین اور پروقار

وہی کھڑکیاں جو داخلے کو روشن کرتی ہیں، یہاں بھی اپنی پوری آب و تاب سے پچھلی دیوار پر پھیلی ہیں۔ روشنی اس کھلے لاؤنج اور ڈائننگ ایریا کو جگمگائے ہوئے ہے۔ لکڑی کی میز کے ساتھ آرام دو کرسیاں آپ کو کھانے کے علاوہ بھی بہت سا وقت اس میز پر گزارنے پر اکساتی ہیں اور ڈائننگ میز کے اوپر لٹکتی جدید سنہری روشنیوں کے کیا ہی کہنے! کرسٹل اور شیشے کے آرائشی ٹکڑے اس حصے کی جان ہیں۔

نزدیک سے دیکھیے

اس آرام دہ لاؤنج کو دیکھتے ہی دل اس میں سہ پہریں گزارنے کے خواب دیکھنے لگتا ہے۔ سردیوں کی شاموں میں اس نرم گرم سوفے پر بیٹھ کر اپنے پسندیدہ پروگرام دیکھنے کی خواہش دل میں ابھرنے لگتی ہے۔ منفرد فرنیچر اور تازگی کا احساس اس لاؤنج کو منفرد بناتا ہے۔

حسین خواب گاہ

کہا جاتا ہے کہ سرمئی رنگ حسین نظر آنے کے باوجود ایک اداسی کا احساس چھوڑ جاتا ہے۔ اسی لیے اس کے اثر کو متوازن کرنے کے لیے ڈیزائنرز پیلے جیسے شوخ رنگ کا استعمال کرتے ہیں۔ زرد بستر سے سجی سے خواب گاہ صبح اٹھتے ہی مزاج خوشگوار کر دیتی ہے۔ پرنٹڈ وال پیپر سے سجی اس خواب گاہ کی مرکزی دیوار اسے باقی گھر کی طرح پروقار بناتی ہے۔ 

خواب گاہ کے بالکل باہر کام کرنے کی جگہ بنی ہے جس کے دو فائدے ہیں: نزدیک ہونے کے باعث آپ کو اس تک تیز رسائی حاصل ہے اور آرام کے وقت آپ اپنی خواب گاہ میں مقید ہو کر کچھ دیر کے لیے کام کے بارے میں بھول سکتے ہیں۔

دل لبھاتی سجاوٹ

مطالعہ کرنے یا بس چند لمحے سکون سے بیٹھ کر چائے سے لطف اندوز ہونے کے لیے بنایا گیا یہ چھوٹا سا حصہ ہمارا پسندیدہ ہے۔ لکڑی کے شیلف اور ان پر رکھے خوبصورت فریم اس جگہ کو سادہ مگر حسین سجاوٹ سے مالا مال کرتے ہیں۔ منفرد سے ڈیزائن کی سفید کرسی اور زرد کشن تنہائی میں کچھ وقت گزارنے کے لیے بہترین ہیں۔

سیاہ و سفید باتھ روم

خواب گاہ سے جڑا یہ باتھ روم سیاہ دیواروں اور سفید سامان کے ساتھ ڈرامائی نظر آتا ہے۔ ڈیزائنرز سے سمجھ داری سے کام لیتے ہوئے سنک کے نیچے لکڑی کی درازیں بنائی ہیں تا کہ وہ سامان جو ہر روز استعمال میں نہیں آتا، وہاں سمیٹا جا سکے۔ پورے گھر کی طرح باتھ روم میں بھی عقبی روشنیوں کا استعمال کیا گیا ہے جو سنک کے اوپر لگی ہیں۔ 

تو کیسا لگا آپ کو یہ سفر؟ کیا یہ گھر آپ کے خوابوں کے گھر سے ملتا جلتا تھا؟ ہمیں اپنے تاثرات سے ضرور آگاہ کیجئے۔

مزید دیکھیے: گھر کو منظم کیسے رکھا جائے؟ 20 حیرت انگیز تراکیب۔

Hai bisogno di aiuto con il progetto della tua casa?
Contattaci!

Articoli più recenti